1992 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن، سابق پاکستانی کرکٹر کو سعودی عرب میں بڑا عہدہ مل گیا

Jan 10, 2025 | 18:21:PM

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور 1992 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے کرکٹر کو سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن میں عہدہ مل گی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے سابق کرکٹر اقبال سکندر سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے جنرل منیجر آف کرکٹ بن گئے ہیں اور انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

اقبال سکندر جنہوں نے چار ون ڈے انٹرنیشل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی وہ 1992 کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں انہوں نے یہ عہدہ سنبھالنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری بنیادی ذمہ داری مملکت میں کرکٹ کو ترقی دینا، ایونٹ منعقد کرانا اور انتظامی امور کو دیکھنا ہے۔

سابق قومی کرکٹر لیگ بریک گوگلی بولر رہے ہیں  انہوں نے پاکستان کی ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ میں حصہ لیا اور 189 فرسٹ کلاس میچز میں 658 وکٹیں لیں جبکہ 4 ہزار 204 رنز بنائے۔

وہ پاکستان کی قومی ٹیم کے علاوہ بہاولپور، حیدرآباد (پاکستان)، کراچی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ اقبال سکندر آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ڈیولپمنٹ آفیسر رہے ہیں۔ انہوں نے افغانستان اورعمان کی قومی کرکٹ ٹیموں کے کوچ کی حیثیت سے بھی کام کیا جب کہ2017  میں ایشیا کوالیفائر اور 2013 میں اے سی سی ٹی 20 چیمپیئن شپ کے لیے سعودی عرب کے قومی ٹیم کے کوچ رہے۔

اقبال سکندر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کرکٹ فٹبال کے بعد دوسرا مقبول کھیل بن چکا ہے، جس کا مستقبل روشن ہے اور میں یہاں بہت ٹیلنٹ دیکھ رہا ہوں۔

مزید پڑھیں:  بگ بیش لیگ میں بیٹر کے زور دار شارٹ سے بگلا ہلاک

مزیدخبریں