(24نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ احسان اللہ دوبارہ کبھی تیز بولنگ نہیں کرسکیں گے۔
پی ایس ایل 2023 کے سیزن میں فاسٹ بولر احسان اللہ نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کی اور دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بنے, انہوں نے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بھی کی۔
مارچ 2023 میں احسان اللہ نے افغانستان کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں ڈیبیو کیا لیکن اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ون ڈے ڈیبیو کے دوران وہ کہنی کی انجری کا شکار ہو گئے۔
فاسٹ بولر احسان اللہ نے دسمبر 2024 میں چیمپئنز ٹی 20 کپ میں ڈولفنز کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ میں واپسی کی لیکن انہوں نے چار میچز میں بالترتیب 62.5 اور 11.19 کی اوسط اور اکانومی کے ساتھ صرف دو وکٹیں حاصل کیں, ان چار میچز میں سے تین میں انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی۔
علی خان ترین نے احسان اللہ کی سرجری کو ذمہ دار ٹھہرایا جس کی وجہ سے ان کی بولنگ رفتار کم ہو گئی ,انہوں نے کہا کہ سرجن نے بتایا کہ احسان اللہ کا بازو کبھی بالکل سیدھا نہیں ہو سکے گا اور وہ اپنی پرانی بولنگ کی رفتار پر واپس نہیں آ پائیں گے۔
علی خان ترین نے مزید کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک شخص نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے کھلاڑی کا کیریئر تباہ کر دیا.
انہوں نے یہ بھی کہا کہ احسان اللہ اب ڈومیسٹک کرکٹ میں 130 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں جبکہ انجری سے پہلے وہ 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے تھے۔
مزید پڑھیں:گورنر سندھ کا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان