پشاور میں آپریشن، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان اور سی ٹی ڈی کے 2 افسران شہید

Jul 10, 2024 | 21:20:PM
پشاور میں آپریشن، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان اور سی ٹی ڈی کے 2 افسران شہید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (احمدمنصور)سکیورٹی فورسز اور پولیس نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر خفیہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آپریشن میں پاک فوج کے 2 جوان اور سی ٹی ڈی کے 2 افسران شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن علاقے میں انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،فائرنگ کے شدید تبادلے میں ہائی پروفائل دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا،دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، اس کے سر کی قیمت 6 ملین رکھی گئی تھی،ہلاک ہونے والا دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم ، کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ شہید پر حملوں سمیت سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔

 آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے4جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے سپاہی محمد ادریس، سپاہی بادام گل شامل ہیں۔ شہداء میں سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے،ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ 

 وزیراعظم  شہباز شریف نےضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر عبد الرحیم سمیت دیگر دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج اور خیبر پختونخوا کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے جوانوں کو خراج تحسین کیا، وزیراعظم کا دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کی ، وزیراعظم نے  آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے  سپاہی محمد ادریس، سپاہی بادام گل، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے پی کے سب انسپکٹر  تاج میر شاہ اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم کی بلندی ء درجات کیلئے دعا کی اور شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کی ، انہوں نے کہا پاک سر زمین کے بہادر بیٹوں نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے اپنی جان وطن کی مٹی پر نچھاور کی ،پوری قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ،دہشت گردی کے عفریت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی پشاور کے علاقہ حسن خیل میں قانون نافذ والے اداروں کے مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کی ،  آپریشن کے دوران ہائی پروفائل دہشت گرد سمیت سماج دشمنوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ۔ 

 صدر مملکت  نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے جوانوں کے پیچھے کھڑی ہے،دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا، صدر نے  شہداء کے لیے بلندی درجات، لواحقین کے لیے صبر جمیل  دعاکی۔ 

 یہ بھی پڑھیں: گزشتہ روز شہید ہونیوالے کپٹن اسامہ مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک