پنجاب اسمبلی: 9 مئی کے کرداروں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے کی قرارداد منظور

Jun 10, 2024 | 20:12:PM
 پنجاب اسمبلی: 9 مئی کے کرداروں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے کی قرارداد منظور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) پنجاب اسمبلی میں سانحہ 9 مئی2023 کے کرداروں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے کے مطالبے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں 9 مئی کے کرداروں کو قرار واقعی سزا دلانے کی قرار داد استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی نے پیش کی، قرارداد کے متن کے مطابق 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے، فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور منفی پراپیگنڈہ کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں، ریاست، ملکی سلامتی، اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف گھناؤنی سازش بے نقاب ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کامزید 2دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

 قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ جناح ہاؤس اور دیگر شہروں میں تباہی پھیلانے والوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، قوم ملکی سلامتی، معیشت کی ترقی اور اداروں کے تقدس کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،  پنجاب اسمبلی کا ایوان دعا گو ہے کہ آئندہ کبھی بھی 9مئی 2023 جیسا سانحہ رونما نہ ہو۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے اور عوام اور اداروں میں تصادم کرانے والوں کوسزا ملنی چاہیے، رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے کہا کہ 9 مئی کا دن المناک، افسوسناک،دلخراش، نا قابل فراموش سانحہ اور سیاہ ترین باب ہے۔

واضح رہے کہ قرار داد میں 9مئی کو تباہی پھیلانے کیلئے مخصوص ذہن سازی او ر شر پسندوں کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا۔