وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات کی ملاقات، کاپ 29 اجلاس میں شرکت کی دعوت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات نے ملاقات کی اور کاپ 29 اجلاس میں شرکت کی دعوت نامہ پیش کیا۔
آذربائیجان کے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے وزیر مختار بابائیف نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کی، آذری وزیر نے وزیر اعظم کو آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کی جانب سے نومبر 2024 میں باکو میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز (کاپ) اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔
وزیر اعظم نے 29ویں کانفرنس آف پارٹیز کے دعوت نامے پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور آذری عوام کو کاپ 29 کی میزبانی کے لیے باکو کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی، وزیراعظم نے کآپ 29 کے حوالے سے آذربائیجان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: کسی جیالے کیساتھ ناانصافی ہوئی تو ہمارا گورنر موجود ہے، بلاول بھٹو زرداری
کاپ 29 میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ کاپ 29 (COP-29) میں شرکت کے منتظر رہیں گے جہاں انہیں صدر الہام علییوف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کا موقع ملے گا، وزیراعظم نے آذری صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
آذری وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، 2022 میں پاکستان نے ایک تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا۔
دوسری جانب آذری وزیر نے پاکستان میں اپنی میزبانی اور کاپ 29 (COP-29) کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی حمایت کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آذر بائیجان پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ایک ایسا ایجنڈا طے کیا جا سکے جو موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کی ضروریات کی مناسب عکاسی کرے۔
واضح رہے کہ کاپ 29 اس سال موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجوں پر غور و خوض کرنے کے لیے عالمی رہنماؤں کا سب سے اہم اجتماع ہے۔