ملتان ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل مکمل، پاکستان کے دوسری اننگز میں 152 رنز پر 6 کھلاڑیوں آؤٹ

Oct 10, 2024 | 12:14:PM

(24 نیوز) ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز  کا کھیل ختم ہو گیا، انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز  823 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی جس کے جواب میں پاکستان کے دوسری اننگز میں 152 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز پہلی اننگز کی طرح مایوس کن رہا اور عبد اللہ شفیق پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس کے بعد کپتان شان مسعود بھی 11 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ بابر اعظم صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور صائم ایوب 25 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 59 رنز پر گری جب محمد رضوان 19 گیندوں پر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، 82 رنز پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گری اور سعود شکیل 33 گیندوں پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے سلمان آغا 41 اور عامر جمال 27 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ کےگس ایٹنکسن اور  برائیڈن کرس نے2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور رنز کے انبار لگا دیے۔ 

پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ہر ڈیکلیئر کر دی اور پہلی اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کر لی۔جو روٹ 262 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ہیری بروک نے 317 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پر جو روٹ کا آسان کیچ بھی ڈراپ کیا، اس وقت جو روٹ 186 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی، سلمان علی آغا اور  عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز اسکور کیے تھے۔

تیسرے دن کا کھیل

مزیدخبریں