نوازشریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات، معاشی بہتری پر اطمینان کااظہار

Oct 10, 2024 | 19:14:PM
نوازشریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات، معاشی بہتری پر اطمینان کااظہار
کیپشن: نوازشریف سے بلاول بھٹو ملاقات کر رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف اور پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات  ہوئی،دونوں رہنماﺅں میں ملاقات پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں ہوئی،دونوں رہنماﺅں نے مہنگائی کی شرح 32 سے 6.9 فی صد ہونے، پالیسی ریٹ میں کمی اور معاشی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں رہنماﺅں نے معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ8.8 ارب ڈالر بھجوانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں اظہار خیال کیا کہ پاکستان اور عوام کو ریلیف ملنے کی رفتار بڑھنا خوش آئند اور اچھا فعل ہے، دونوں قائدین نے سعودی سرمایہ کار وفد کی آمد اور ایس سی او کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ  یہ تمام سرگرمیاں پاکستان کے عالمی وقار اور معاشی بہتری کیلئے نہایت مثبت پیش رفت ہے۔

صدر ن لیگ نوازشریف نے کہاکہ وقت نے ثابت کیا کہ 2006 میں میثاق جمہوریت پر دستخط کرنا ہمارادرست سمت اور درست وقت پرتاریخی فیصلہ تھا،میثاق جمہوریت سے ملک میں جمہوریت کو استحکام ملا، پارلیمنٹ نے اپنی مدت پوری کرنی شروع کی ،میثاق جمہوریت کے نتیجے میں دھرنے، انتشار خلفشار اور یلغار کی سیاست کرنے والی غیرجمہوری قوتوں کا تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر مقابلہ کیا،صدر ن لیگ نے کہاکہ سب جمہوری قوتوں کو مل کر پارلیمنٹ کے ذریعے عدل کا نظام وضع کرنا ہے،ایسا نظام عدل بنانا ہے جس میں کسی فرد کی بالادستی نہ ہوبلکہ عوام کی رائے اور اداروں کا احترام ہو،تاکہ کسی ایک شخص کو وہ قوت اور اختیار حاصل نہ ہو جو اچھے بھلے جمہوری نظام کو جب چاہے پٹڑی سے اتار دے،ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ فرد واحد ملک وقوم کو سیاہ اندھیروں کے سپرد کردے۔

نوازشریف نے کہاکہ آج حاصل ہونے والی معاشی کامیابیوں کی بنیاد بھی سیاسی اتحاد واتفاق ہے،میثاق جمہوریت میں خواہش ظاہر کی گئی تھی کہ تمام قوتیں مل کر پاکستان کو معاشی سیاسی استحکام دیں جس کے نتیجے میں پاکستان خوش حال ہو ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور آپ نے میثاق جمہوریت کی شکل میں ملک کو آگے بڑھانے کا تاریخی قدم اٹھایا، اس سفر کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ سیاسی رواداری، اخلاق، آئین و قانون اور پارلیمان کی بالا دستی کے لئے ہم ایک ہیں،اٹھارویں ترمیم نے اداروں کو مضبوط کیا تھا۔ نواز شریف نے بلاول بھٹو کے سیاسی کردار کو سراہا اور شاباش دی،بلاول نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے سیاسی کیپیٹل، وژن، سوچ اور تجربے کی بہت قدر کرتا ہوں،ملک اور قوم کو آپ کے سیاسی تجربے، سوچ اور پولیٹیکل وژن کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈالر نے روپے کی درگت بنا دی،قیمت کہاں پہنچ گئی ؟جانیے