نیشنل ویمنز فٹبال کلب چیمپئن شپ کاٹائٹل کراچی سٹی کلب کے نام

جناح اسٹیڈیم میں کھیلے گئے  فائنل میچ میں  کراچی سٹی کلب نے لیگیسی ایف سی کو 0-4 سے شکست دی

Aug 11, 2024 | 12:21:PM

(روزینہ علی)نیشنل ویمنز فٹبال کلب چیمپئن شپ کے فائنل میں کراچی سٹی کلب نے لیگیسی ایف سی کو 0-4 سے شکست دے کرٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں ہفتہ کی شب کھیلے گئے نیشنل ویمنز فٹبال کلب چیمپئن شپ  کے  فائنل میچ میں  کراچی سٹی کلب نے لیگیسی ایف سی کو 0-4 سے شکست دی اوراپنے بہترین کھیل کی بدولت حریف ٹیم کو مسلسل دبائو کا شکار رکھا،کرا چی سٹی کلب نے پہلے ہاف میں ہی 0-2 کی برتری حاصل کرلی  تھی، کراچی سٹی ایف سی کی جانب سے پہلا گول رامین فرید نے کھیل کے 14ویں منٹ میں کیا جس کے بعد 28ویں منٹ میں ثناء نے  ایک اورگول کرکے حریف ٹیم کے دفاع میں شگاف ڈال دیا۔

کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی فاتح ٹیم حاوی رہی اور زہمینہ نے 52ویں منٹ میں تیسرا گول کیاجس کے بعد زلفیہ نے 75ویں منٹ میں چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری مزیدمستحکم کر دی۔

ٹائٹل جیتنے کے بعد  کراچی سٹی کی کھلاڑیوں کاکہناتھاکہ ایسی لیگز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں،ہم  چاہتے ہیں کہ ہمیں نیشنل ٹیم میں بھی جانے کا موقع ملے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن این سی کے چیئرمین ہارون ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ویمنز فٹ بال ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے یہ آغاز ہے، ہم جلد ہی بین الاقوامی ویمن ٹیمز کو بھی یہاں آکرکھیلنے کی دعوت دیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:بوم بوم شاہدآفریدی کشمیر سپریم لیگ کے برینڈ ایمبیسیڈر مقرر

فاتح چیمپئن ٹیم کو 10 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا، رنرز اپ ٹیم5 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہری جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کراچی یونائیٹڈ نے 3لاکھ روپے وصول کئے، 2لاکھ روپے کا فیئر پلے ایوارڈ ہزارہ کوئٹہ کے حصے میں آیا، کراچی سٹی سے تعلق رکھنے والی نادیہ خان کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی اورنشا اشرف کو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا، ایمان مصطفیٰ 8 گول کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔

مزیدخبریں