شعبہ صحت میں آنیوالے نئے نوجوان ڈاکٹرز ہمارے ملک کا فخر ہیں، پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل

Feb 11, 2025 | 00:30:AM
شعبہ صحت میں آنیوالے نئے نوجوان ڈاکٹرز ہمارے ملک کا فخر ہیں، پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل  نے شعبہ صحت میں آنیوالے نئے نوجوان ڈاکٹرز سے کہا ہے کہ آپ لوگ ہمارے ملک کا فخر ہیں، وقار اور فخر کے ساتھ سفید کوٹ پہنیں خوب محنت کریں اور خود کو اس قابل بنائیں کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر سکیں ۔

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس سال اول کی طالبات کے لیے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں وائٹ کوٹ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک اور قومی ترانے سےہوا۔ استقبالیہ خطاب میں پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں آپ کا داخلہ ہونا اعزاز کی بات ہے۔ آپ لوگ ہمارے ملک کا فخر ہیں، وقار اور فخر کے ساتھ سفید کوٹ پہنیں خوب محنت کریں اور خود کو اس قابل بنائیں کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر سکیں ۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو اس ادارے میں بہترین تعلیم کے ساتھ بہترین سہولیات بھی فراہم کی جائیں گیں۔
وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے طالبات اور اُن کے  والدین کو خصوصی طور پر  مبارک باد دی اور اُنہیں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ،جو کہ ملک میں طبی تعلیم کا سب  سے بہترین ادارہ ہے ، میں خوش آمدید کہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج کے دن مبارکباد کے اصل حقدار والدین ہیں جن کی محنت اور دعاؤں کی بدولت آج آپ اس مقام پر پہنچے ہیں۔ اُنہوں نے طالبات کو خصوصی طور پر نصیحت کی کہ ہمیشہ اپنے والدین اور اساتذہ کا دل سے احترام کریں، اپنے تعلیمی میدان میں ہمیشہ محنت اور لگن کا مظاہرہ کریں اور دل سے اپنے ملک پاکستان سے محبت کریں۔آخر میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کا اولین فریضہ دکھی انسانیت کی خدمت، اللّٰہ کی رضا کے لیے ہونی چاہیے۔
پروفیسر بلقیس شبیر نے شرکاء کو یونیورسٹی رینکنگ اور کوالٹی ایشورنس کے بارے میں آگاہ کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ جدت طرازی یونیورسٹی کی درجہ بندی اور معیار کو بہتر بنانے میں کلید ی کردار ادا کرتی ہے۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر بلقیس شبّیر نے یونیو رسٹی کی حالیہ رینکنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کا ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی کے معیار اور کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے  طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی اسی ادارے کی گریجویٹ ہوں اور میری زندگی میں کامیابی کی وجہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ہے۔
ڈین بیسک سائنسز پروفیسر عالیہ زاہد نے فرسٹ ائیر ایم بی بی ایس کلاس سے حلف لیا اور اُنہیں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خوش آمدید کہا۔ رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم نے فرسٹ ائیر کی طالبات سے سفید کوٹ زیب تن کرنے کوکہااور اُن کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔اناٹومی ، فزیالوجی اور بائیوکیمسٹری ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے طالبات کو مبارک باد پیش کی اور ڈیپارٹمنٹس کے حوالے سے مختصر بریفننگ دی۔ اس موقع پر ڈینز پروفیسر نوید اکبر ہوتیانا، پروفیسر شمیلہ اعجاز منیر،تمام ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر کلاس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ایمن عنصر کو وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے ہسٹری بک پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں:دل ہونا چاہیدا جوان،66 سالہ بالی ووڈ گلوکار لکی علی نے چوتھی شادی کا موڈ بنا لیا