سیالکوٹ سے راولپنڈی کی موٹروے کو 4 کی بجائے 6 لین کی تعمیر کرنے کا جائزہ لیں،علیم خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(طیب سیف)وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سیالکوٹ سے راولپنڈی کی موٹروے کو 4 کی بجائے 6 لین کی تعمیر کرنے کا جائزہ لیں۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہاکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بیرئیرفری بنایا جائے، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے عوام الناس کو آگاہی دی جائے،عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ سڑکوں اور موٹرویز کو آج کی نہیں آئندہ 50برسوں کی ضرورت کے مطابق بنایا جائے گا،اگلے مرحلے میں تمام گاڑیوں کیلئے موٹرویز کسی رکاوٹ اور بیرئیرز کے بغیر ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان میں 150 ارب روپے کی شاہراہ این-25 کی مرحلہ وار تکمیل کی جائے گی، وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے کوگلگت بلتستان حکومت سے مختلف مسائل کے حل کیلئے رابطے کی ہدایت کی، عبدالعلیم خان نے کہاکہ ہائی کورٹ کے احکامات کے حوالے سے بلوچستان حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے شاہراہوں اور تعمیراتی منصوبوں پر لائیو کیمرے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کو رپورٹ دینے کیلئے تمام منصوبوں کوڈیش بورڈ پر شامل کیا جائے۔
عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو شاہراہوں کی مرمت کے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہیں اور موٹرویز قومی اثاثہ ہیں، مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھا جائے،ایسی سڑکوں کی تعمیر کو ترجیح دیں جس سے معاشی لحاظ سے بھی فائدہ ہو سکے۔
اجلاس میں سی پیک سے منسلک دیگر شاہراہوں کی تعمیر پر بھی غور و خوض کیا گیا،وفاقی سیکرٹری مواصلات، چئیرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے مختلف منصوبوں پر اجلاس کو بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کی بے قدری ڈالر ، ریال ، یورو اور پاؤنڈ مزید مہنگے