رمضان المبارک میں بھی اسرائیلی بربریت جاری،عورتوں،بچوں سمیت 10فلسطینی شہید

Mar 11, 2024 | 10:49:AM

(ویب ڈیسک)غزہ پر اسرائیلی مظالم جاری ہیں اور غزہ سٹی میں اسرائیلی حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت 10 فلسطینی مزید شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فورسز نے وحشیانہ حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 100 کے قریب فلسطینی قتل کردیے۔جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوج کے زیر استعمال عمارت تباہ کردی۔مقبوضہ بیت المقدس میں قابض فورسز نے سیکڑوں فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا۔

دوسری جانب رمضان المبارک کی آمد پرغزہ کے بےگھر فلسطینیوں کا جوش دیدنی ہے۔فلسطین میں خواتین، مردوں اور بچوں نے بابرکت مہینے کا بھرپور انداز میں استقبال کیا، رنگ برنگی قمقموں سے خیمے سجائے، درختوں پر روایتی لالٹین لگائیں اور آتش بازی کی جب کہ ساتھ ہی گیت گنگنائے۔

ضرورپڑھیں:حرمین شریفین میں رمضان کی پہلی تراویح، لاکھوں افرادکی شرکت

متاثرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا استقبال ہمیشہ کی طرح سجاوٹ، دعاؤں، روزے اور اللہ کے شکرکے ساتھ کریں گے۔غزہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سال رمضان گزشتہ سالوں سے بہت مختلف ہے، ہم گھروں میں نہیں، خیموں میں ہیں، ہر سال رمضان کے دسترخوان پر طرح طرح کے کھانے ہوتے تھے،اس سال ہمارے پاس کھانے کو نہیں۔متاثرین نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے اور غزہ میں حالات جلد بہتر ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 31 ہزار 45 فلسطینی شہید جب کہ 72 ہزار 654 زخمی ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والوں میں 72 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں