(ویب ڈیسک)صحت کارڈ سے علاج کرانے والوں کیلئے خوشخبری ،وزارت خزانہ خیبر پختونخوا نے صحت کارڈ کے لیے مزید 3 ارب روپے جاری کر دئیے۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے صحت کارڈ کیلئے اب تک 10 ارب 50 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ 5 ماہ میں صحت کارڈ کے ذریعے 3لاکھ 63 ہزار لوگوں کا علاج ممکن ہوا ، صوبائی حکومت نے صحت کارڈ اخراجات کو 2 ارب روپے تک پہنچا یا۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ صحت کارڈ سے 2لاکھ 60 ہزار لوگوں کا سرکاری ہسپتالوں سے علاج کرایا گیا،معیار کو بہتر کرکے لوگ سرکاری ہسپتالوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مالی بحران زدہ صوبہ قرار دینے والوں کیلئے یہی جواب کافی ہے۔
وزیر اعلٰی علی امین گنڈہ پور اور چیئرمین عمران خان کا ویژن عوامی خدمت ہے، آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں ہیں اور انشاءللہ اپنے خزانے سے انہیں پورا کریں گے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک حکومت کے لئے ایک مشورہ ہے کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔