مستونگ: مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈی سی پنجگور جاں بحق، 2 افراد زخمی

Aug 12, 2024 | 22:41:PM

(عیسیٰ ترین) مستونگ میں کھڈکوچہ کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ جاں بحق اور ایم پی اے رحمت بلوچ کے بھائی سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ کے نواحی علاقے کھڈکوچہ میں فائرنگ کا افسوسناک واقع پیش آیا، فائرنگ کے نتیجہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق ہوگئے اور ایم پی اے رحمت بلوچ کے بھائی چیئرمین مالک جان سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زخمیوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ہسپتال میں بھی سیکیورٹی کی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر پنجگور  ذاکر بلوچ کے کمر میں گولی لگی تھی، ہسپتال منتقل کرتے ہوۓ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ڈی سی ذاکر بلوچ جانبر نہ ہو سکے۔

کمشنر قلات ڈویژن نعیم بازئی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور  ذاکر بلوچ کی گاڑی پر کھڈکوچہ کنڈ عمرانی کے مقام پر فائرنگ کی گئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت  پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے شہید ڈی سی کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور فائرنگ سے زخمی  ہونے والے دونوں افراد عبدالملک  اور احمد جان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: 13 اگست کو بھی عام تعطیل کا اعلان

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے، انہوں نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مزیدخبریں