لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج کیخلاف دائر درخواستیں خارج کردیں

Feb 12, 2024 | 22:32:PM

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابی نتائج کے خلاف دائر درخواستیں خارج کردیں ،جسٹس علی باقر نجفی نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کی جانب سے انتخابی نتائج کیخلاف درخواستیں دائر کی تھیں،عدالت نے قومی و صوبائی حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستیں خارج کردیں ،عدالت نے مریم نواز ، خواجہ آصف ، علیم خان ، عطا تارڑ اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر کے خلاف درخواستیں خارج کردیں ،سلمان اکرم راجہ ،میاں محمودالرشید ، ملک ظہیر عباس کھوکھر ،زبیر خان نیازی ، ریحانہ امتیاز ڈار کی درخواستیں خارج کی گئیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے سلیمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی عون چودھری کی کامیابی کےخلاف درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ بھی جاری کردیا،جسٹس علی باقر نجفی نے گیارہ صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا ۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر آئینی درخواست قابل سماعت نہیں ،فارم 47 امیدواروں کی موجودگی میں مرتب ہو یا عدم موجودگی میں یہ معاملہ الیکشن کو دیکھنا ہے ،یہاں سوال حقائق جانچنے کا ہے جسے آئینی درخواست کے ذریعے نہیں دیکھا جاسکتا ۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیاہے کہ فارم 48 کو مرتب کرتے ہوئے امیدواروں کو نوٹس کیا جاتا ہے ،الیکشن کمیشن کا بھی یہی کہنا ہے کہ فارم 48 مرتب کرنے سے پہلے فریقین کو نوٹس کیا جائے گا ،درخواست گزار الیکشن کمیشن کے روبرو یہ معاملہ اٹھا سکتا ہے ۔عدالت نے کہاکہ درخواست ناقابل سماعت ہے اسے مسترد کیا جاتا ہے ،ریٹرننگ افسر کی عدالت میں تاخیر سے پیشی پر غیر مشروط معافی منظور کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ابتک کی بڑی خبر!سابق وزیراعظم نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی

مزیدخبریں