(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستانی عوام، بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے ایک انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے اور رہے گی،ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے طلبا کے اجتماع سے خطاب کیا،ملک بھر سے کالجوں و یونیورسٹیوں کے طلبا شریک تھے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلبا اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کیلئے کوشش کریں،طلبا اپنے اندر ایسی مہارتیں پیدا کریں جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خاص طور پر سرحد پار سے دہشتگردی کے خطرے پر بھی خیالات کا اظہار کیا،آرمی چیف نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے کہاکہ نوجوان ہی پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا،آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف قومی جدوجہد میں پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ثابت قدمی اور تعاون کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی عوام، بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے ایک انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے اور رہے گی، انشاءاللہ ، پاک فوج سپہ سالار نے کہاکہ ہمیں ا پنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے ، پاکستان کے آئین کا آغاز بھی اِنَّ الحکم اِلَّاللّٰہ (حاکمیت صرف اللّٰہ کی ہے) سے ہوتا ہے، یہ فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں؟ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور لوگ دہشتگردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈالر نے روپے کو پھر روند دیا، قیمت میں بڑااضافہ