آج ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی، مخصوص نشستیں ہمارا حق تھا جو مل گیا: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

Jul 12, 2024 | 18:46:PM

(عامر شہزاد) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستیں ہمارا حق تھیں، آج ہمیں ہمارا حق مل گیا، ثابت ہوگیا کہ ہمارا حق کسی اور کو دیا گیا تھا، مخصوص نشستیں نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں اسمبلیوں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دسواں اجلاس ہوا، کابینہ اراکین کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے، وزیر اعلیٰ نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کابینہ اراکین اور پارٹی قائدین کو مبارکباد دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک اصولی مؤقف اختیار کیا تھا، آج سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی، مخصوص نشستیں ہمارا حق تھیں، آج ہمیں ہمارا حق مل گیا، ثابت ہوگیا کہ ہمارا حق کسی اور کو دیا گیا تھا، مخصوص نشستیں نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں اسمبلیوں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہم سب نے ایک ٹیم بن کر کام کیا اور کامیابی حاصل کی، اس دوران بھر پور ساتھ دینے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم صوبے اور صوبے کے عوام کے حقوق کے لئے اسی طرح ایک ٹیم بن کر کام کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کافیصلہ،ذرائع الیکشن کمیشن کا موقف بھی سامنے آ گیا

واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی بجائے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں نہ دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو تمام اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں دینے کا حکم جاری کیا۔

مزیدخبریں