(احتشام کیانی)یوٹیوبر ،اینکرعمران ریاض خان کو حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے سے روکنے کا معاملہ،عمران ریاض خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ۔
توہینِ عدالت درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں آئی جی پنجاب اور ایس پی لاہور کینٹ کو بھی فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، فریقین کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں طلب کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فریقین کو دانستہ طور پر توہینِ عدالت کرنے پر سزا سنائی جائے، فریقین کو عمران ریاض خان کو حج ادائیگی کیلئے جانے کی اجازت دینے کی ہدایت کی جائے۔
ضرورپڑھیں:معروف یوٹیوبر عمران ریاض لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار
یادرہے کہ معروف یوٹیوبر اور اینکر پرسن عمران ریاض خان کو سعودی عرب جاتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتارکیا گیا تھا،وکیل عمران ریاض ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض کو احرام میں ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا،نامعلوم افراد جن کے ساتھ پولیس بھی تھی انہوں نے گرفتار کر لیا ہے، ایئر پورٹ پر ہاتھا پائی بھی ہوئی، عمران ریاض تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔