وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا جوہر ٹاؤن ماڈل بازار کا اچانک دورہ، انتظامات اور ریٹ لسٹ کا جائزہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ماڈل بازار جوہر ٹاؤن لاہور کا اچانک دورہ کیا اور انتظامی امور سمیت ریٹ لسٹوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف آفس سے واپسی پر اچانک جوہر ٹاؤن ماڈل بازار پہنچ گئیں، چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے سٹال کا معائنہ کیا، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ دیکھے، کریانہ سٹور اور پھلوں اور سبزیوں کے سٹالوں پر ریٹ لسٹ چیک کی، انہوں نے رمضان بازار میں آنے والی خواتین سے گفتگو کی اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماہِ صیام شروع ہوتے ہی منافع خوروں کی شامت آ گئی، انتظامیہ ان ایکشن
وزیراعلی مریم نوا شریف نے خریدار خواتین سے پھلوں، سبزیوں اوردیگر اشیاء کے نرخ معلوم کئے، خواتین خریداروں نے پھلوں کے زیادہ نرخ کی شکایت کی، وزیراعلی مریم نواز نے خریداری کے لئے آنے والی خواتین سے ہاتھ ملایا اور بچیوں کو پیار کیا، خریدار خواتین نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔
انہوں نے خریداری کے لئے آئی خاتون سے سوال کیا کہ کیا بنا رہی ہیں آج افطاری میں؟ جس پر خریدار خاتون نے جواب دیا کہ رمضان میں یہ سب سے مشکل سوال ہے، بزرگ خریدار نے کہا کہ لوگ آپ کے ساتھ ہیں کیونکہ عوام کے مسائل ایک عورت ہی سمجھ سکتی ہے، مریم نواز نے بزرگ خریدار سے کہا کہ میں غریب آدمی کا خیال رکھنے کے لئے ہی آئی ہوں۔
ایک اور بزرگ خاتون نے چارٹ کے لئے کیلا،خربوزہ اور دیگر پھل اچانک مہنگے ہونے کی شکایت بھی کی، وزیراعلی مریم نواز شریف کی آمد کی اطلاع ملتے ہی کثیر تعداد میں لوگ رمضان بازار میں جمع ہو گئے اور وزیراعلی مریم نواز شریف کے لئے نعرے لگائے۔