آزاد کشمیر کے عوام کے مطالبات کوقانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہئے، آصف زرداری

May 12, 2024 | 20:58:PM

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہئے، موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام سٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد جموں و کشمیر کے مسائل بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کریں،سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہئے، موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کروں گا،ان کاکہناتھا کہ صحت، تعلیم، سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہئے۔
صدر آصف زرداری نے دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت کا آزاد جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال اورپولیس اہلکار کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا، صدر مملکت کی حالیہ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کی چھٹی؟ گورنر خیبرپختونخوا نے جیالوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

مزیدخبریں