(24نیوز) سٹیج اور ٹی وی کے سینئراداکار و کامیڈین جاوید کوڈوکی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں شوبزسے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نماز جنازہ لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ادا کی گئی ،نمازجناز ہ میں خالدعباس ڈار،نسیم وکی،قیصرپیا،طاہرنوشاد،عرفان ہاشمی،گوشی خان،اورنگ زیب لغاری,اکرم اداس،افضل خان ریمبو سمیت شوبز سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر فلم، ٹی وی اور سٹیج سے وابستہ فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
63 سالہ جاویدکوڈوکل لاہور میں انتقال کر گئے تھے ،اہل خانہ کے مطابق وہ طویل عرصے سے علیل اورلاہور جنرل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
جاوید کوڈو نے 1980 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی منفرد اداکاری، مزاحیہ انداز اور چھوٹے قد کی وجہ سے جلد مقبولیت حاصل کر لی، انہوں نے 150 سے زائد اردو و پنجابی فلموں، سیکڑوں سٹیج ڈراموں اور ٹی وی شوز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نامور فنکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی،انہوں نے کہا کہ جاوید کوڈو جو اپنے چھوٹے قد اور قدآوراداکاری کی وجہ سے مشہور تھے،ان کی وفات سے ایسا خلاء پیدا ہوگیا جو شاید کبھی پر نہ ہو، مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:معروف آسٹریلوی ماڈل دماغ کی ناکام سرجری کے بعد چل بسیں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بھی جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
جاوید کوڈو نے سوگواران میں بیوہ، دوبیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔