وزیر اعظم ارشد ندیم ، تبدیلی کی نوید ارشد ندیم
عامر رضا خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
پیرس اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم نے کم از کم اُن سیاسی مچھندروں کا منہ ہمیشہ کے لیے بند کردیا ہے جو یہ کہتے نہیں تھکتے تھے کہ بانی تحریک انصاف نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے کسی اور نے کیا ہے تو بتائیں؟ لیکن وہ اس بات سے ہمیشہ پہلو بچا کر نکلتے رہے کہ کرکٹ دور غلامی میں انگریز کی پسندیدہ کھیل میں مدد فراہم کرنے والوں نے غلام ملکوں میں مقبول بنایا، یہی وجہ ہے کہ چند سال بیشتر تک صرف 9 ممالک جو کسی نا کسی دور میں انگریز کے ہاتھوں غلامی کا شکار ہوکر اپنی زبان و ثقافت کو بھول گئے وہیں وہ اپنے کھیلوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان 9 ممالک میں عوام کا یہ کھیل مقبول ترین کھیل رہا کہ دور غلامی کی عادتیں کم ہی نکلتی ہیں۔
اس 9 ملکوں والے کھیل میں صرف ایک مرتبہ ہم سب کو ہرا کر ون ڈے فارمیٹ کے چیمپئن بنے اور اسی بنیاد پر ہیرو ازم کا وہ سیلاب آیا جو پہلے تمام کھیلوں کو بہا لے گیا، اس کے بعد سیاست کا ایسا سونامی بنا جس نے ہماری سیاست سے اخلاق اور اقدار کا جنازہ نکالا، یہ ہیرو ازم ایک ایسا نشہ بنا جس کے کرنے والوں نے اپنے ہیرو کے ہر کہے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لیے زمین و آسمان کے قلابے ملا دئیے، اُس نے کہا کہ نیوٹرل تو حیوان ہوتا ہے، انسان نیوٹرل ہو ہی نہیں سکتا، تو سب ’بینڈ باجے‘ لیکر اسی دھن کو بجانے لگے، لیکن چند دن ہی گذرے تو ہیرو ازم یا اسے اگر دیوتا پوجا کہہ لیں تو زیادہ بہتر ہوگا کہ ذہن خاکی سے یہ بیان جاری ہوا کہ ادارہ ہمارے لیے نیوٹرل ہوجائے یہ سیاست کا معاملہ ہے تو پھر؟
یہ بھی پڑھیں:حافظ کی اٹھان سے پی ٹی آئی خوف زدہ کیوں ہے؟
شامل واجے سامنے آئے اور اپنے اپنے ہارمونیم لیکر اس قوالی میں ہمنوا بن گئے، گو دیوتا کے منہ سے نکلا ہوا ایک ایک لفظ سچ اور باقی سب جھوٹ ہے ۔ یہاں سے آگے چلتے ہیں پیرس اولمپک پاکستانیوں کو صدیوں نہیں بھولے گا، اگست کا مہینہ تو پہلے ہی ہمارے دلوں کو 14 اگست کے حوالے سے گرمائے رکھتا ہے کہ اس مبارک دن مملکت پاکستان کا جنم ہوا اور اب ہمیں 8 اگست بھی یاد رہے گا کہ کھیلوں کے حوالے سے اس بانجھ ملک میں پہلا سونے کا انفرادی میڈل آیا، میڈلز تو پہلے بھی آتے رہے ہیں ریسلنگ اور ہاکی میں لیکن انفرادی گولڈ یہ پہلا تھا۔ اولمپک مقابلے دنیا بھر میں کھیلوں کے حوالے سے وی وی آئی پی کی حثیت رکھتے ہیں اس وقت اولمپک چارٹر کے تحت 206 ممالک پانچ چھلوں والے سفید پرچم کے سائے تلے جمع ہیں اور ان کھیلوں میں گولڈ میڈل لینا تو گویا کسی جوئے شیر کے لانے سے کم نہیں ہے ،جو عزت و وقار ان کھیلوں میں جیتنے والوں کو ملتا ہے وہ کرکٹ سمیت دوسرے کسی کھیل سے کئی ہزار گنا ذیادہ ہے، آپ اس بات کا اندازہ اس بات سے ہی لگا لیجئے کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ ایک گولڈ میڈل جیتا ہے تو کس طرح بہت سے ممالک نے اپنے نمائندوں کے ذریعے مبارکباد کے پیغامات بجھوائے ہیں ۔
اب آپ ہی اندازہ کرسکتے ہیں کہ کہاں 9 ممالک اور کہاں 206 کیا مقابلہ ہے؟ لیکن اب مجھے ڈر لگ رہا ہے ایک انجانا سا خوف دامن گیر ہے کہ کہیں دیوتا پرست قوم اگر ایک کرکٹر کو ہیرو بنا کر جھوٹ کی پوجا کر سکتی ہے تو ارشد ندیم نے تو ساری دنیا کو نیچا دکھا کر نیزا 92.97 میٹر پھینک کر بتادیا کہ مسلمان آج بھی کوشش و ہمت کریں تو سب سے آگے نکل سکتے ہیں، اب اگر اس ہیرو کی بھی پوجا شروع ہوئی تو پھر وہ دن دور نہیں جب ’وزیر اعظم ارشد ندیم ، تبدیلی کی نوید ارشد ندیم‘ جیسے نعرے سننے کو ملیں گے۔
ارشد ندیم کے متعلق دیو مالائی قصے کہانیاں تو ابھی سے زبان زد عام ہیں کہ کیسے ایک نوجوان نے نا مساعد حالات ، غربت اور بے بسی میں صرف اپنے بل بوتے پر گولڈ میڈل جیت لیا،یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ویٹ لفٹنگ کے معمولی پرانے زنگ زدہ سامان پر وہ پریکٹس کرکے اولمپک میں پہنچ گیا،ایک خاتون یو ٹیوبر چیخ چیخ کر بتا رہی تھی کہ حکومت پاکستان نے کبھی ایک دھیلے کا سامان ارشد ندیم کو لیکر نہیں دیا ، ایک یوٹیوبر نے غربت کی ایسی تصویر کھینچی کہ دل چاہا کہ اس مرتبہ کی زکوۃ کا اصل حقدار ارشد ندیم ہی ہے کیونکہ بتایا جارہا تھا کہ اس نے اولمپکس کے لیے اینٹوں کے بھٹے پر بھی مزدوری کر رکھی ہے اور ایک حضرت صاحب نے تو چند بشارتوں کا بھی ذکر کردیا کہ ارشد ندیم کے متعلق یہ یہ کچھ کہہ رکھا ہے، لیکن میں یہ سب سُن پڑھ کر صرف زیر لب مسکراتا رہا کہ ارشد ندیم پر تبصرے وہ لوگ کر رہے ہیں جو کھیلوں کے بارے میں شائد وہ معلومات نہیں رکھتے کہ کسی ایک کھلاڑی کو اولمپکس تک پہنچنے کے لیے جس بھٹی سے گزرنا ہوتا ہے اُس میں جلنے کے لیے کھلاڑی کے اللہ کی جانب سے دی جانے والی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ مناسب سرپرستی اور اس کے ساتھ ساتھ ڈالرز اور روپے کا ایندھن بھی درکار ہوتا ہے ،یہ کوئی آسان کام نہیں کہ کھلاڑی اولمپک میں جائے۔
یہ بھی پڑھیں:ماحولیاتی تبدیلی اور گرین اکانومی میں خواتین کا کردار
وہ اس وقت لیسکو میں گریڈ 18 کے آفیسر ہیں اور یہاں تک لانے کے لیے لیسکو اور اتھلیٹکس فیڈریش کے سربرا جنرل اکرم ساہی کی خدمات ہیں ارشد نے 2016 میں ساوتھ ایشین گیمز میں حصہ لیا اور برونز میڈل جیتا،یوں وہ دنیا بھر کی نظروں میں آئے حکومتی سرپرستی کے ساتھ ساتھ مارٹیس سکالر شپ بھی ملا ، انٹرنیشنل اتھلیٹکس فیڈریشن نے انہیں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی درخواست پر ہائی پرفارمنس ٹریننگ کے لیے منتخب کیا ،جہاں بہترین ٹریننگ میسر آئی 2017 میں جونیئر ایشین گیمز میں حصہ لیا جس کے بعد انٹرنیشنل مقابلوں کی ایک لمبی فہرست ہے وہ کہاں نہیں گئے؟ باکو ، آسٹریلیا ،جکارتہ ،دوہا مختلف نواع کے ایونٹس اور سرپرستی سے ارشد خام مال سے کندن بنتا چلا گیا ، 2022 میں انہیں ورلڈ چیمپئن شپ سے پہلے ساؤتھ افریقہ میں دنیا کے ٹاپ کوچ ٹریسس لینبرگ کے پاس بجھوایا گیا، جس نے اس ہیرے کی مزید تراش خراش کی
اسی سال وہ کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تو ان کا بیرون ملک علاج کرایا گیا جس کا خرچ اتھلیٹکس فیڈریشن نے برداشت کیا، ایسا ہرگز نہیں کہ ارشد ندیم چک چھپ کلاں میں دودھ لسی کی طاقتوں سے اتنے بڑے مقابلے کے لیے پہنچ گیا،ایسے مقابلے بڑے اداروں، حکومتی سپورٹ اور بہترین ٹریننگ سے ہی جیتنا ممکن ہوتا ہے، کوئی پیدائشی سپرمین نہیں ہوتا کہ پنڈ میں تھرو پھیکنتا پھیکنتا اولمپکس جیت لے۔
ارشد ندیم بلا شبہ اس قابل ہیں کہ اُن کے مجسمے لگائے جائیں لیکن اُن کے اس کارنامے کو اُن کی غربت کے نیچے ڈال کر جن افراد اور اداروں نے ان کی مدد کی اُسے نظر انداز کردیا جائے