(جی آر جونیجو) سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے جی ڈی اے میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔
جی ڈی اے اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا کی قیادت میں جی ڈی اے کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پیر سید صدر الدین شاہ راشدی، سیکرٹری جنرل صفدر عباسی، فہمیدہ مرزا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ارباب غلام رحیم سے جی ڈی اے میں شمولیت پر پیرپگارا نے خیرمقدم کیا، پیر پگارا نے کہا کہ سندھ کے عوام کو کرپٹ مافیا کے چنگل سے نکالنے کیلئے جی ڈی اے اپنا کردار ادا کرے گی، جی ڈی اے ہی سندھ کےعوام کیلئے متبادل پلیٹ فارم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار علی خان کا آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے، صوبے بھر میں تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں میں امیدوار کھڑے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کی اہم شخصیات سے بھی ملاقات کرکے انہیں جی ڈی اے میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ارباب غلام رحیم نے نویں مرتبہ سیاسی جماعت تبدیل کی، وہ اس سے پہلے پیپلز پارٹی، ایس ڈی اے، ق لیگ، ن لیگ، پی ٹی آئی ، ھم خیال لیگ، پیپلز مسلم لیگ میں بھی قسمت آزمائی کرچکے ہیں۔
ارباب غلام رحیم 2021ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر رہے۔