ڈونلڈ ٹرمپ کے انسٹاگرام، فیس بک اکاؤنٹس سے پابندی ختم

Jul 13, 2024 | 16:32:PM

(ویب ڈیسک)فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سرپرست کمپنی 'میٹا' نے امریکی انتخابات میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس سے پابندیاں ہٹادیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہ پابندیاں 2021 میں ان کے حامیوں کی جانب سے کیپٹل ہل پر حملے کے بعد لگائی گئی تھیں۔

میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار کی حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مزید پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو 6 جنوری 2021 کو ان کے حامیوں کے کیپیٹل ہل پر حملے کے ایک دن بعد غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث لوگوں کو سوشل میڈیا پر سراہا تھا۔

فروری 2023 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو کچھ پابندیوں کے ساتھ بحال کر دیا گیا تھا، تاہم یہ پابندیاں بھی گزشتہ روز ہٹادی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انصاف کا بول بالا ،یہ آخری کیس تھا، عمران خان کی رہائی ہونی چاہیے، بیرسٹر گوہر

میٹا نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ سیاسی اظہارِ رائے کی اجازت دینے کی اپنی ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ امریکی عوام کو تمام صدارتی امیدواروں کو سننے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایکس (ٹوئٹر) اور یوٹیوب اکاؤنٹس پپر بھی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جوکہ گزشتہ برس ہٹا دی گئی تھیں، تاہم ان پابندیوں سے نالاں ڈونلڈ ٹرمپ اب زیادہ تر اپنے علیحدہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر بیانات جاری کرتے ہیں۔

مزیدخبریں