کراچی: سٹریٹ کرمنل کو سزائے موت سنا دی گئی

Jul 13, 2024 | 18:13:PM

( ویب ڈیسک) ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کراچی نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کا قتل کرنے اور اقدام قتل کا جرم ثابت ہونے پر شکور خان نامی سٹریٹ کرمنل کو سزائے موت سنا دی۔

کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر ساجد نامی شہری کے قتل کے مقدمے کی سماعت کی، دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ معاشی حب کہلانے والا کراچی جرائم کی لپیٹ میں ہے، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی عام ہے، ذرا سی مزاحمت پر بے رحمی سے قتل کردیا جاتا ہے۔

عدالت نے ملزم شکور خان کو مقتول کے قانونی ورثا کو 3 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے، ملزم کو مجموعی طور پر 19 سال قید کی سزا، 50 ہزار روپے جرمانہ اور موت کی سزا سنا دی، علاوہ ازیں عدالت نے شکور خان کے ساتھی مفرور ملزم شوکت خان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

یہ بھی پڑھیں: عدت نکاح کیس کا 28 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری

واضح رہے کہ 25 ستمبر 2018 کو ساجد دوستوں کے ساتھ اتحاد ٹاؤن میں گھر کے باہر بیٹھا تھا، 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور ساجد سمیت دیگر افراد سے موبائل فون مانگے، منع کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے ساجد کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد مقتول ساجد کے بھائی حبیب کی مدعیت میں اتحاد ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مزیدخبریں