عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری، پی ٹی آئی کا ملک گیر مزاحمت کا عندیہ

Jul 13, 2024 | 21:12:PM
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری، پی ٹی آئی کا ملک گیر مزاحمت کا عندیہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طیب سیف) پی ٹی آئی کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ توشہ خانہ، القادر ٹرسٹ اور سائفر میں بریت کے بعد عمران خان اور ان کی اہلیہ کو فی الفور رہا کیا جائے، اگر ان کو جبراً قید میں رکھ کر مزید سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو ملک گیر مزاحمت کے سوا کسی اور آپشن کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد فوری گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف عدّت کیس کے فیصلے اور اس کے اثرات کے یک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کور کمیٹی کی جانب سے عدّت مقدّمے میں برّیت کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا، توشہ خانہ، القادر ٹرسٹ اور سائفر میں بریت کے بعد عمران خان اور ان کی اہلیہ محترمہ کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا۔

کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ظالموں اور سازشیوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بےگناہی دنیا پر آشکار کرنے پر اللہ رب العزت کے شکرگزار ہیں، مقدمات میں برّیت اور عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا کر عمران خان اور ان کی اہلیہ کو جبراً قید میں رکھ کر مزید سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو ملک گیر مزاحمت کے سوا کسی اور آپشن کو خاطر میں نہیں لائیں گے، ایک سال سے بدترین حالات میں بنیادی سہولیات سے محروم اور سزائے موت کی چکّی میں رہتے ہوئے عمران خان نے اشتعال انگیزی کی بجائے قانون و انصاف کا راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

کورکمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ اب عدالت کی ذمہ داری ہے کہ ریاستی قباؤں میں ملک میں ادھم مچاتے وحشیوں کو قانون و انصاف کی لگام پہنائیں اور فردِ واحد کی آمریت لپیٹ کر دستور بحال کروائیں، عمران خان کی 9 مئی کے جھوٹے مقدمات جبکہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ مقدمے میں گرفتاری کی کوششیں کسی صورت گوارا نہیں کریں گے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو انتقام کے شکنجے میں قید رکھنے کیلئے توشہ خانہ کو چوتھی مرتبہ بالکل غیرقانونی طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ، اس کے تحائف کی فہرست، تحائف کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم، اس پر واجب الادا ٹیکس یا اس حوالے سے کابینہ کے فیصلوں سے بالواسطہ یا براہِ راست کوئی تعلق نہیں.

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی رہا ہوتے ہی گرفتار

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ قانون اور عدالتی تشریحات ایک ہی معاملے پر متعدد مقدمات کی ہرگز اجازت نہیں دیتے تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ کے معاملے میں ریاستی عناصر کسی قانون کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں، عوام کی نفرتوں کے حقدار مینڈیٹ چور اور ان کے سرپرست ریاستی قوت اور بندوق کے بل پر ملک کو محکومی و غلامی کی ڈگر پر چلانے اور اپنی راہ میں رکاوٹ بننے والے عمران خان کو جبراً اپنے انتقام کے نشانے پر رکھنا چاہتے ہیں، عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدالتی حکم کے مطابق رہا نہ کیا گیا تو انصاف کے حصول کیلئے براہِ راست عوام کی عدالت سے رجوع کریں گے۔