نقل مافیا بے لگام، کراچی  میں دسویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ آؤٹ

May 13, 2024 | 10:49:AM

(عائمہ خان ) کراچی میں میٹرک امتحانات جاری،  دسویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ  شروع ہونے سے قبل سوشل میڈیا کی زینت بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی میں اکثر امتحانی مراکز میں اُساتذہ کی نگرانی میں نقل کی دھوم مچی ہوئی ہے،  دسویں جماعت کا پیپر ریاضٰی وقت سے پہلے ہی واٹس اپ گروپ میں آگیا.

خیال رہے کہ گزشتہ پانچ روز سے بھی پرچہ آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بورڈ انتظامیہ نقل مافیا کے آگے بے بس ہوگئی ہے۔انتظامیہ یا تعلیمی بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی خاص اقدامات نہیں کیے جارہے اور ایسے پرچے آؤٹ ہونا معمول بن چکا ہے۔اس صورتحال میں امتحانات کو لیکر ایسی سرگرمیاں طلباء کےمستقبل پر سوالیہ نشان ہیں۔میٹرک بورڈ کےقائم مقام ناظم  امتحانات  انتظامات کرنے میں ناکام ہو گئے  ہیں۔

مزید پڑھیں:  آزاد کشمیر میں چوتھے روز بھی ہڑتال،راستے بند،جگہ جگہ سیکیورٹی فورسز کے دستے تعینات

واضح رہے کہ 2 روز قبل کراچی میں میٹرک کے تمام پرچے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ  اب تک میٹرک بورڈ کے  تمام  پرچے منسوخ کرنے سے حوالے سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

دوسری جانب چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ سکولز  حیدر علی کا کہنا ہے کہ سینٹرز کی کوئی مانیٹرنگ نہیں، اس عمل کو کیا امتحان کہا جاسکتا ہے؟ کیا پاکستان بھر میں نویں دسویں کے امتحان اس طرح ہوتے ہیں؟ بچے راہداریوں  اور کھلے  آسمان کے نیچے  بیٹھ کر امتحان دے  رہے ہیں، لاکھوں بچوں، بچیوں کے مستقبل کا ذمہ دار کون ہے؟

اُن کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کو ذہنی وجسمانی اذیت میں مبتلا کرنے پر ناظم امتحانات کو بر طرف کیا جائے، اب تک ہونے والے تمام  پرچوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، 10سے 15 دن بعد امتحان کا دوبارہ  انعقاد کرایا جائے۔

مزیدخبریں