کشمیری عوام کے مسائل حل کرنے پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کا مشکور ہوں: چودھری انوار الحق

May 13, 2024 | 17:09:PM

(24نیوز ) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انواالحق کا کہنا ہے کہ سستی بجلی اور روٹی ایسے مطالبات ہیں جن سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، میں عوام کے مطالبات سینیٹ میں لے کر گیا، گزشتہ 4 روز سے آزاد کشمیر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چودھری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کل صدر مملکت آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی ممبران کو صدر ہاؤس بلایا اور ان سے تمام تر معاملات کا احوال لیا، میں مکمل اظہار یکجہتی پر صدر زرداری کا شکرگزار ہوں، میں وفاقی حکومت سے بات کروں گا، ہم کشمیری عوام سے محبت کو کمزور نہیں پڑنے دیں گے، شہباز شریف نے رات کو مجھے فون کرکے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت منتخب جمہوری حکومت ہے، یہ عوامی مینڈیٹ کو سمجھتی ہے، آج شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس بلایا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جو تحفظات تھے وہ سنیں اور کہا کہ پاکستان کا کشمیری عوام سے لازوال رشتہ اس کے لیے جو کچھ کرنا پڑے گا آج اور ابھی کروں اور اسی وقت نوٹیفکیشن جاری کروں گا، جو کام عرصہ دراز سے التوا کا شکار تھے وہ ہوگئے اور بجلی اور روٹی کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے۔

چوہدری انوار الحق نے بتایا کہ ہم نے عوام کے احتجاج کوقوت کے طور پر استعمال کیا گیا، حکومت کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، اس معاملے کو احتیاط سے دیکھا گیا ہے، ان معاملات کو حل کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور فوج کے سربراہ نے ذاتی دلچسپی لی اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کیا کہ جس حد تک ممکن ہے اپنے اخراجات میں کمی لائیں گے لیکن کشمیریوں کے مطالبات دور کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت پاکستان نے بجلی کے نرخ دیئے وہ پوری دنیا میں کہیں نہیں مل رہے، مودی اتنی سستی بجلی مقبوضہ کشمیر میں دے کر دکھائے، پاکستان اور کشمیر کے مابین یہی محبت ہے جو مزید پروان چڑھے گی، کشمیر میں افواج پاکستان کا براہ راست تعلق ہے۔

واضح رہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر میں احتجاج  ہوا اور مختلف شہروں سے قافلوں نے لانگ مارچ کیا، آزاد کشمیر میں احتجاج اور تصادم کے دوران کئی مظاہرین زخمی ہوئے اور ایک پولیس اے ایس آئی بھی جاں بحق ہوا۔

 یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج رنگ لے آیا، بجلی اور آٹا سستا ،نوٹیفکیشن جاری ،انٹر نیٹ بحال

مزیدخبریں