(ویب ڈیسک)ایس سی او کانفرنس کے موقع پر احتجاج کااعلان،پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑگئی،سینئر قیادت کے بین الاقوامی کانفرنس کے دوران اسلام آباد میں احتجاج پر تحفظات،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی احتجاج کے خلاف،بیرسٹر گوہر،عمرایوب، اسد قیصر، حامد خان، علی محمد خان نے بھی 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کی مخالفت کردی ۔
قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پارٹی سینیئر لیڈر شپ نے بین الاقوامی کانفرنس کے دوران اسلام آباد میں احتجاج پر تحفظات کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی کانفرنس کے موقع پر احتجاج کے مخالف نظر آئے، ان کے علاوہ بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، حامد خان، علی محمد خان اور رؤف حسن بھی 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے مخالف ہیں۔
احتجاج کے مخالف رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ 17 اکتوبر کے بعد تو احتجاج کی اجازت مل ہی جائے گی، پارٹی میں فیصلہ سازی پر بانی پی ٹی آئی سے سینیئر لیڈر شپ کو ویٹو پاور دینے کی بات بھی ہونے لگی ہے۔
ضرورپڑھیں:علی امین گنڈا پور کو 23 اکتوبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
دوسری طرف پارٹی میں شہباز گل، حماد اظہر، خالد خورشید اور حافظ فرحت گروپ پندرہ اکتوبر کو ہی احتجاج پر بضد ہیں، عمر ایوب پہلے احتجاج کے مخالف تھے، بعد میں حامی ہوگئے۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں چین، روس اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔