(انوار الحق) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر اور مرکزی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم کسی صورت ایس سی او کانفرنس کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، لیکن ہمیں عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کے ذاتی معالج کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی اور رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے حالات ایسے ہیں جو شاید نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا نے کبھی نہ دیکھے ہوں گے، آئین میں ترمیم کے لیے لوگوں کو ووٹ کے لیے اغوا کیا جا رہا ہے، دنیا میں کہیں نہیں دیکھا کہ ووٹ کے لیے لوگوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جائے، کروڑوں اور اربوں روپے کی پیشکشیں کی جائیں، عہدوں کا لالچ دیا جائے اور پھر کہا جائے کہ یہ سب جمہوری عمل ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہمارے سینیٹرز اور ممبران اسمبلی کے گھروں پر چھاپے مارنے، ان کے ضمیر خریدنے، اور کھلے عام پیسوں اور عہدوں کی پیشکش کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کروائی جائے، تحریک انصاف نے وزارت داخلہ کو درخواست جمع کرا دی
15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق اسد قیصر نے کہا کہ ہم کسی صورت ایس سی او کانفرنس کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، لیکن ہمیں عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کے ذاتی معالج کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔