(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہدا کی قربانیاں انتہائی لگن اور جذبے سے لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں،تمام دہشت گرد قوتوں کے گٹھ جوڑ کو مکمل شکست دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا،آرمی چیف نے وادی تیراہ میں انسداد دہشت گردی آپریشن کرنے والے جوانوں سے ملاقات کی،آرمی چیف کو مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،آرمی چیف کو انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشتگردی کارروائیوں اور استحکام کیلئے طویل مدتی اقدامات سے آگاہ کیاگیا،آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور خطرات سے دفاع کی تیاریوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیرنے خیبرپختونخوا پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون کی تعریف کی،آرمی چیف نے سکیورٹی اداروں کی صلاحیت اور استعداد بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، آرمی چیف نے مقامی آبادی کے فورسز سے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مقامی آبادیوں کا پائیدار امن کیلئے مثبت کردار ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ضلع اورکزئی میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے،آرمی چیف نے پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین کیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف نے بڑی نوید سنا دی