(ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن پاکستان میں انتخابات سے بالکل باخبر ہیں کہ گذشتہ ہفتے لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے نکلے، جن میں پاکستانی خواتین، مذہبی اور نسلی اقلیتی گروپوں کے ارکان اور نوجوان ووٹرز کی ریکارڈ تعداد شامل تھی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین یاں پیئر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا ’یقینی طور پر ہم پاکستانی عوام کو گزشتہ ہفتے کے انتخابات میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، بشمول انتخابی عملے، سول سوسائٹی کے اراکین اور صحافیوں اور انتخابی مبصرین جنہوں نے پاکستان کے جمہوری اور انتخابی اداروں کی حفاظت کی ہے‘۔
یہ بھی پڑھیے: امریکی پارلیمنٹرینز کا بائیڈن کو پاکستانی انتخابات کے نتائج تسلیم نہ کرنے کی ہدایت
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں ہم خیال جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے۔ ہم مسلسل پاکستانی حکومت اور پاکستانی سیاسی جماعتوں کو عوامی اور نجی دونوں سطح پر واضح طور پر بتاتے رہتے ہیں کہ پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام کرنے اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ واضح طور پر اہم ہے‘۔
اس سے قبل پاکستان کے انتخابات پر جاری ایک بیان میں امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا تھا کہ پاکستان میں انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر تشویش ہے۔ انتخابی عمل میں مداخلت یا دھوکہ دہی کے دعوؤں کی مکمل چھان بین ہونی چاہیئے۔