(ملک رحمان)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی کے) علی امین خان گنڈاپور نےٹورازم پولیس کو مستقل کرتے ہوئے تنخواہوں میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکی زیر صدارت خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی کابینہ اراکین زاہد چن زیب، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے علاؤہ دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نےٹورازم پولیس کے اہلکاروں کو مستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئےبورڈ اجلاس میں ٹوارزم پولیس کے اہلکاروں کی ماہانہ تنخواہ 36 ہزار روپے سے بڑھا کر 45 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت کے حکام کو مزید سیاحتی مقامات دریافت کرنے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی،وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں کم از کم4نئے سیاحتی مقامات کو ڈیویلپ کرنے کے منصوبے شامل کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں ڈیڑھ کروڑ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا،سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کو ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے۔
؎وزیر اعلیٰ نے ٹھنڈیانی انٹیگریٹڈ ٹوارزم زون کے ماسٹر پلان میں ضروری ترامیم کر کے مشتہر کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ انٹیگریٹڈ ٹوارزم زونز کے لیے رابطہ سڑکوں کی بیک وقت تعمیر کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہناتھا کہ سیاحت کا شعبہ ترجیحی شعبوں میں شامل ہے، اس شعبے میں روزگار اور سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔
علاوہ ازیں، اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تحت فنانس اور ایچ آر کمیٹیوں کی بھی منظوری دے دی گئی،فورم کی آؤٹ سورسنگ و انویسٹمنٹ اور کلچر کمیٹیوں کے قیام کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں اسلام آباد کا کوٹہ بڑھا دیا گیا