منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے کیجانب سے مونس الٰہی کا ضمنی چالان داخل

Jun 14, 2024 | 19:56:PM

(احمد منصور) مونس الہی کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گیا، ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کا ضمنی چالان داخل کر دیا۔

ایف آئی اے لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رہنما پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الہیٰ کے خلاف عدالت میں اینٹی منی لانڈرنگ کیس کا ضمنی چالان جمع کرا دیا، چالان میں فراصت علی چٹھہ کی جانب سے دیئے گئے ایک ارب روپے کو بنیاد بنا یا گیا ہے، چالان کے متن کے مطابق ایک ارب روپے کی خطیر رقم فراصت علی چٹھہ کی جانب سے چوہدری مونس الہیٰ کی کمپنیوں میں جمع کرائی گئی، اربوں روپے کی مبینہ کرپشن میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ سرکل نے مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اصلاحات کیلئے گورنر کے پی کے کا دبنگ اعلان

ایف آئی اے کے مطابق چوہدری مونس الٰہی بطور ایم این اے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث رہے، عامر سہیل، مونس الٰہی کے کیش رائیڈر اورفرنٹ مین کے طور پر کام کرتا رہا، مو نس الٰہی کو 3 کال اپ نوٹس جاری کیے گئے مگر وہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ چودھری مونس الہیٰ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں