(رائو دلشاد) پنجاب اسمبلی میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی قراردادمتفقہ طورپر منظور کر لی گئی، جعفر ایکسپریس پر حملہ کی قرارداد حکومتی رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار نے پیش کی، ایجنڈا مکمل ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کااجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس پر حملے کے حوالے سے رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار کی جانب سے جمع کروائی گئی، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ قوم اپنے اداروں کے پیچھے کھڑی ہے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور آخری سانس تک اس کی حفاظت کریں گے، جعفر ایکسپریس پر ہولناک حملہ کے خلاف کامیاب آپریشن پر پاکستان کی بہادر افواج جس میں آرمی ، ایئر فورس ، ایف سی اور ایس ایس جی کے جوانوں نےجان ہتھیلی پر رکھ کر 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، اس دکھ کی گھڑی میں پوری قوم یکجا ہے اور شدید صدمہ میں شہدا کےخاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،یہ ایوان ایف کےچار جوانوں کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتا ہے، شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہر شہری افسردہ اور اشک بار ہےمعصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانا غیر انسانی عمل ہے ،فورس نے تمام دہشتگرد درندوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا یا ،قوم اپنے اداروں کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ایک ایک دہشتگر د اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمہ کا عزم کرتی ہے۔ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہےاور ہم سب آخری سانس تک اس کی حفاظت کریں گے۔پیش کردہ قرارداد کو پنجاب اسمبلی میں متفقہ طورپر منظور کر لیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیر پارلیمانی امورمجتبیٰ شجاع الرحمن کی جانب سےپنجاب اسمبلی میں پیش کردہ بلز مسودہ قانون پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ 2025ء پنجاب منظور کر لیا گیا۔اپوزیشن کی جانب سے بلز پر تمام ترامیم مسترد کردی گئیں۔
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے ایجنڈا مکمل ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کااجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانVS نیوزی لینڈ،پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کی صبح آمنا سامنا