جماعت اسلامی کا 16 مئی کو حکومت کے خلاف احتجاجی مارچ کا اعلان
جماعت اسلامی کراچی کا مقدمہ پورے پاکستان میں لڑے گی، حکومت کو مسائل حل کرنے کے لیے مجبور کریں گے۔حافظ نعیم الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)جماعت اسلامی نے 16 مئی کو حکومت کے خلاف احتجاجی مارچ کا اعلان کردیا ۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو مسائل حل کرنے کے لیے مجبور کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کا مقدمہ پورے پاکستان میں لڑے گی، پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس کراچی دیتا ہے اور جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔حکومت والے فارم 47 کی بنیاد پر ہم پر مسلط ہوئے ہیں، یہ حکمران فیملی انٹرپرائیزز ہیں اور اب کہہ رہے ہیں گندم نہیں خریدیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گندم بحران ابھی تک حل نہیں کیا گیا، جاگیرداروں پرٹیکس نہیں لگایا جاتا، کاشتکار جو 10 سے 15 ایکڑ کے مالک ہیں ان پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہیئے جب کہ ہزاروں ایکڑ زمینوں والے ٹیکس نہیں دیتے۔16 مئی کو لاہور میں کسانوں کا مارچ ہوگا اور اس مارچ میں عوامی مسائل اور کسانوں کے حق پر بات ہوگی۔
ضرور پڑھیں:قومی اسمبلی اجلاس:ماحول کے ساتھ تقاریر میں بھی گرمی،اپوزیشن ارکان کا خواجہ آصف کو کرارا جواب
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ہے، آزاد کشمیر کی صورتحال پر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے جب کہ ہم پرامن احتجاج اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے مسائل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں جو صورتحال پیش آئی وہ تشویشناک ہے۔اس وقت وہاں احتجاج حکومت کے باعث ہوا، جب لوگوں کو کچھ بھی فراہم نہیں کیا جائے گا تو عوامی ردعمل فطری ہے تاہم شرپسندوں کی کسی صورت سپورٹ نہیں کرسکتے اور آزاد کشمیر میں کی گئی بیوقوفی کی وجہ سے بھارت ہم پر بات کرنے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم پر حکمران بات نہیں کرتے، بھارت جو کچھ کررہا ہے اس پر ہماری حکومت خاموش ہے لیکن بھارت کے مقاصد کبھی پورے نہیں ہوں گے۔
پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ایک سکے کے دورخ ہیں:پروفیسر محمد ابراہیم
دوسری جانب جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں کیوں کہ دونوں کی پالیسیاں ایک جیسی ہیں۔
لوئر دیر میں تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے لوگوں کے حقوق اور آئین کی سربلندی کے لیے آواز اٹھائی جب کہ جماعت اسلامی نے متعدد تلخ تجربات کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی کیوں کہ ان سب جماعتوں کے مفادات ایک جیسے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے مہنگائی، بے روزگاری اور عدم تحفظ کے علاوہ ملک کو کچھ نہیں دیا۔جماعت اسلامی پشاور میں حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں 19 مارچ کو ’غزہ مارچ‘ کا انعقاد کرے گی۔