(24نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو سابق اسسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کے لباس پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا۔
یاد رہے کہ ہاظم بنگوار نے ہم اسٹائل ایوارڈ کی تقریب میں سیاہ رنگ کا لباس پہنا تھا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ایسی ہی ایک ویڈیو کو ری پوسٹ کرتے ہوئے ایکس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'انڈین سول سروس جدید دنیا کی پہلی میرٹ پر مبنی بیوروکریسی ہے، ٹریولن رپورٹ (سول سروس کی بنیاد رکھنے والی دستاویزات) کے مصنفین اپنے خوابوں میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ہم پاکستان میں اس زوال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
اُن کا ہاظم بنگوار کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سول سروس جس دفتر پر آپ قابض ہیں اس کا کچھ احترام کریں۔تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ہاظم بنگوار کی حمایت کرتے ہوئے فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ سول سرونٹ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کی اپنی کوئی پسند نہیں، جو جیسا ہے اس کو ویسے ہی قبول کیوں نہیں کرتے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'اپنی پسند کے کپڑے پہننے اور گیٹ اپ کرنے میں لوگوں کو کیا مسئلہ ہے؟ کرپشن سے مسئلہ ہونا چاہیے نہ کہ اس کے کپڑوں کی چوائس سے۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ جب فواد چوہدری اسلام آباد کے لوگوں کی آنکھ کا تارا تھے جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ جناب آپ اس تنگ ذہنیت سے باہر آئیں، آپ لوگ ہی بڑے دفتر والوں کو دیوتا اور مسیحا سمجھنے لگتے ہیں جبکہ یہ بھی ہم جیسے عام انسان اور خطاکار ہیں۔
مزید پڑھیں: امیر مقام کا پی ٹی آئی ارکان پر جوابی وار،تقریر کرنیوالے کاش عمل بھی کرتے۔وفاقی وزیر
واضح رہے کہ ہاظم بنگوار گزشتہ برس اس وقت وائرل ہوئے تھے جب انہوں نے ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور سوشل میڈیا پر ان کے انوکھے فیشن سینس کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں۔ ہاظم بنگوار نے یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے اس سے قبل انہوں نے فیشن ڈیزائنگ میں بیچلرز بھی کیا۔ علاوہ ازیں وہ پاکستان میں مؤثر تعلیم، ماحول اور جانوروں کی فلاح و بہبود اور ہنگامی سرگرمیوں کے پروگرام کے لیے فنڈز بھی فراہم کرتے ہیں۔