غزہ: اسرائیل نے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسادیا، 4 فلسطینی زندہ جل کر شہید

Oct 14, 2024 | 10:21:AM
غزہ: اسرائیل نے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسادیا، 4 فلسطینی زندہ جل کر شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اسرائیل نے غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسادیا، جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی زندہ جل کر شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خیموں میں آگ لگنے سے کئی فلسطینی زندہ جل گئے اور بہت سے جھلس کر زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ دیر البلاح میں اسرائیلی بمباری سے خیموں میں آگ لگنے سے 4 فلسطینی شہید اور  70 زخمی ہوگئے جب کہ اسرائیلے حملے سے تقریباً 20 سے 30 خیمے جل گئے۔

نصیرت کے سکول میں پناہ لیے بے گھر افراد پر ٹینکوں سے گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید اور 80 زخمی ہوئے۔

فلسطینی محکمہ اطلاعات نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے 17 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔شمالی غزہ میں 9 روز سے جاری محاصرے کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 300  سے زائد ہوگئی ہے جب کہ خوراک، پانی اور دواؤں کی قلت سنگین ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ کی نمائندہ نے اس حوالے سے کہا کہ اسرائیل نسل کشی کے دوران ایک نئی نسل کشی پر اتر آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بادل برس پڑے محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

واضح رہے کہ غزہ میں ہونے والے اسرائیلی فوج کے مظالم پر دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانیہ میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا جب کہ گلاسگو اور آئرلینڈ میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے فنڈنگ اور ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔