(روزینہ علی)ملک کے جنوبی علاقوں میں 18 اپریل تک گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ہیٹ ویو جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔
چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، کرم، باجوڑ، مہمند، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان، استور، سکردو، ہنزہ اور گردونواح میں گرج چمک اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، میانوالی، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، نارووال میں آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے، 18 اور 19 اپریل کے دوران ڈی جی خان، راجن پور، رائے کوٹ، ساہیوال، خانیوال میں بھی تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
شدید بارش اور ژالہ باری سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، کسان حضرات گندم کی کٹائی موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، خیبرپختونخوا، کشمیر، مری اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، شہری دن کے وقت دھوپ سے بچیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، تمام اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم کو یکجا ہو کر لڑنا ہوگا:وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ