ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں،وزیراعظم  

Dec 15, 2024 | 19:39:PM

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین انسداد پولیو مہم میں ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ ان  بچوں کا مستقبل محفوظ ہو اور وہ توانا ہو کر ملک کے روشن مستقبل میں  کردار  ادا کر سکیں۔

 ہفتہ کو انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں شراکت داری پر بل گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور سعودی عرب سمیت عالمی اداروں کے مشکور ہیں، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی بھرپور معاونت کرنے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار بھرتھ اور عائشہ رضا فاروق کی نگرانی میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کی یہ جنگ ہم جیتیں گے،  ماضی میں مشکلات کی وجہ سے پاکستان میں پولیو کے  60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ہمارے لیے ایک چیلنج، یہ ہمارا عزم ہے کہ پولیو کے مرض کو پاکستان سے ختم کرکے دم لیں گے،  پاکستان بھر کے والدین سے یہ استدعا کرتے ہیں کہ وہ اس مہم میں مکمل تعاون کریں اوراپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں اس مرض سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے محفوظ کریں اور کروڑوں بچوں کے مستقبل کو توانا بنائیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر پاکستان کے بہترین معمار بنیں۔

 انہوں نے پولیو کی فیلڈ ٹیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا  کہ وہ عزم اور بہادری کے ساتھ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے شبانہ روز محنت کر رہی ہیں، اس سلسلہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی ستائش کرتے ہیں کہ وہ شمالی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاقوں سمیت جہاں جہاں سکیورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں، وہ بھرپور طور پر وہاں معاونت کر رہے ہیں، صوبائی حکومتوں کے بھی مشکور ہیں کہ وہ اس عظیم مقصد کیلئے پوری طرح یکسو ہیں اور وفاق کے ساتھ مل کر اس کا خاتمہ کرنے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ پاک ہمیں ہمت دے اور ہماری فرض شناسی میں اضافہ کرے تاکہ ہم اس بار ملک سے پولیو کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے دم لیں۔

یہ بھی پڑھیں:کہاں کہاں بارش ہو گی؟محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی

کوآرڈینیٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ملک میں پولیو کی اس سال کی یہ آخری مہم ہے جس میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز 16 سے 19 دسمبر تک بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں واٹر اور سینی ٹیشن، نیوٹریشن پر اپنے پارٹنرز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، اس سے بھی پولیو کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انسداد پولیو پروگرام کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا  کہ آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم رواں سال کی آخری مہم ہے، اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو والدین پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچائیں،  یہ پولیو مہم ملک کے 143 اضلاع کا احاطہ کرے گی، مہم کے دوران چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، یہ پولیو مہم 19 دسمبر تک جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں:تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

مزیدخبریں