وفاقی کابینہ کی افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال  گاڑیوں کے سپئیر پارٹس کی کابل منتقلی کی منظوری

Feb 15, 2024 | 17:49:PM

(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت  ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال  گاڑیوں کے سپئیر پارٹس اور نئے ٹائرز کی کابل منتقلی کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال  گاڑیوں کے سپئیر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان منتقلی کی منظوری دے دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے تاہم  اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ سپئیر پارٹس اور ٹائروں  اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اورنج لائن اور میٹرو میں سفر کرنیوالوں کیلئے بری خبر

وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر سیکریٹیریٹ گروپ کے گریڈ بیس (20) کے افسر خان نواز کی ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بطور ممبر فنانس دوبارہ تعیناتی، وزارت خزانہ کی سفارش پر جے ایس بینک کے سپانسرنگ شئیر ہولڈر شبیر احمد رندیری کو بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کے سیکشن (IV)(1)14 سے استثنیٰ دینے کی منظوری دے دی، اس استثنیٰ کے تحت شبیر احمد 7.06 فیصد سپانسرنگ شئیر ہولڈر کی حیثیت سے جے ایس بینک لمیٹڈ میں اپنا ووٹنگ کا حق استعمال کر سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو سلطنت ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے، اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو بطور انکوائری آفیسر تعینات کیا گیا تھا جو بعد از تفتیش اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملزم دہشتگردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے، ان معلومات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ملزم کو  ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی قدر میں دوسرے روز بھی اضافہ، دیگر کرنسیوں نے بھی روپے کو رگڑا لگا دیا

وفاقی کابینہ نے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی سفارش پر  مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی خالی آسامی پر سید طارق محمد الحسن کی تعیناتی، وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے غیر ملکی براڈکاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت دے دی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 6 فروری 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 فروری 2024 اور 14 فروری 2024 کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

مزیدخبریں