نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا رات گئے شاہدرہ فلائی اوور اور امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افشاں رضوان) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے کابینہ ارکان کے ہمراہ شاہدرہ فلائی اوورز اور امامیہ کالونی فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ شاہدرہ چوک کی بیوٹیفکیشن کے کاموں کا معائنہ کیا اور وہاں کا سو فیصد کام مکمل ہونے پر کنٹریکٹر، کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی جی پی ایچ اے کو شاباش دی، انہوں نے اطراف کی سڑکوں کا معائنہ کیا اور اعلیٰ معیار کو سراہا جبکہ منصوبے کی لینڈ سکیپنگ کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے آج شاہدرہ چوک گلبرگ جیسا خوبصورت ہوگیا ہے۔
اس کے بعد نگران وزیراعلیٰ پنجاب کابینہ کے ہمراہ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ پہنچے جہاں انہوں نے منصوبے پر ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیے: اوکاڑہ، مریم نواز کے جلسے کے باعث ضلع بھر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ رواں ماہ کے آخر میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مٹیریل سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔
این ایل سی کے حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو امامیہ کالونی پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر، بلال افضل، سیکرٹریز اطلاعات، تعمیرات و مواصلات، کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے، سی سی پی او، سی ٹی او، ڈی جی پی ایچ اے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام، چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی، نیسپاک کے حکام، ایم ڈی واسا، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام بھی نگران وزیراعلیٰ کے ساتھ موجود تھے۔