فیشن سینس پر باتیں،حازم بنگوار کا تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سابق اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد حازم بنگوار نے اُن کے فیشن سینس پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
11 مئی ہفتے کی شب کراچی میں ‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز 2024′ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں فیشن، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت فنکاروں نے شرکت کی تھی۔
اس ایوارڈ شو میں جہاں پاکستانی اداکارائیں اپنے بولڈ لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرول ہوئیں تو وہیں حازم بنگوار کے منفرد اسٹائل نے بھی تقریب سمیت سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ حازم بنگوار نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا جس پر اُنہوں نے مصنوعی پَر بھی لگائے ہوئے تھے، حازم بنگوار نے اپنے اس منفرد اسٹائل کے ساتھ جیسے ہی ایوارڈ شو کی تقریب میں انٹری دی تو شرکاء اُنہیں دیکھ کر دنگ رہ گئے جبکہ سوشل میڈیا پر حازم بنگوار کا مذاق اُڑایا گیا تھا۔
حازم بنگوار پر ناصرف سوشل میڈیا صارفین نے بلکہ شوبز شخصیات سمیت سیاسی شخصیات نے بھی تنقید کی تھی جن میں فواد چوہدری بھی شامل تھے۔
اب حازم بنگوار کی جانب سے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر ناقدین کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ میرے خیال میں زیادہ تر لوگ یہ بھول گئے ہیں کہ میں بھی انسان ہوں اور مجھے بھی دیگر لوگوں کی طرح اپنی نجی زندگی سکون سے گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ میں نے عوام کی خدمت کے لیے اپنی پُرتعیش زندگی کو پیچھے چھوڑا لیکن مجھے اس کی قیمت چُکانی پڑ رہی ہے، روزانہ مجھے میرے لباس کی وجہ سے ٹرول کیا جاتا ہے، مجھ پر تنقید کی جاتی ہےاور نامناسب رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔
حازم بنگوار کا کہنا تھا کہ میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں باقاعدگی سے نبھا رہا ہوں اور ہمیشہ اپنے دفتر اچھا اور سادہ لباس ہی پہن کر جاتا ہوں۔ اُنہوں نے شکوہ کیا کہ کسی ڈاکٹر سے یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ اپنی نجی زندگی میں بھی اپنا لیب کوٹ پہن کر رکھے لیکن مجھ سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ میں اپنی نجی زندگی یا نجی تقریب میں وہی لباس پہن کر جاؤں جو میں اپنے دفتر میں پہنتا ہوں۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس،ن لیگی رکن حنیف عباسی اپنے ہی وزراء کے خلاف بول پڑے
حازم بنگوار کامزید کہنا تھا کہ میرا مقصد صرف عوام کی خدمت کرنا ہے، میں پُرسکون انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ آگے بھی مجھے میری ذمہ داریاں سکون سے نبھانے دی جائیں گی۔