اسرائیل کا شام کے شہر حلب پر بھی حملہ،ائیرپورٹ تباہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسرائیل کی جانب سے شام کے شہر حلب پر طیاروں سے حملہ،شدید بمباری، ہفتے کو تعمیر نو کے بعد کھولا گیا رن وے دوبارہ تباہ کردیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق رن وے کو گزشتہ جمعرات کو اسرائیلی طیاروں نے تباہ کردیا تھا جس کی مرمت مکمل ہوتے ہی اسے پھر نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی افواج کی لبنانی سرحد پر حزب اللہ سے جھڑپیں جاری ہیں جبکہ شام کے سرحدی علاقوں پر بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے توپوں سے حملے کیے گئے۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جنگ کے اگلے مرحلے کا وقت آپہنچا ہے جس پر موساد کے سابق سربراہ نے انہیں خبردار کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔
لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ جس طرح خطے سے داعش کو ختم کیا وہی انجام اسرائیل کا بھی ہوگا۔
ضرورپڑھیں:فلسطینیوں کا لہو ارزاں، شہدا کی تعداد 2200 سے تجاوز کرگئی
ایران کے وزیرخارجہ عبداللہیان نے کہا ہے کہ ابھی ایک سیاسی راستہ موجود ہے اور وہ اس پر اقوام متحدہ کے مندوب سے بات کریں گے۔ایرانی وزیرخارجہ نے اسرائیل کا ساتھ دینے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چند گھنٹوں میں یہ موقع ختم ہوجائے گا، اگر لڑائی میں حزب اللہ شامل ہوئی تو اسرائیل پراس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
ادھر حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی خبردارکردیا ہےکہ حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپ اسرائیل کےناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
دوسری جانب اسرائیل کی مدد کیلئے امریکا کے ایف 15 طیارے بھی مشرق وسطیٰ پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے خبردار کیا ہے کہ حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپ اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔