نورجہاں کابھارت میں کیسا استقبال ہوااوردھرمیندر نے قدموں میں گر کر کیا کہاتھا؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)ملکہ ترنم نور جہاں کی صاحبزادی حنا درانی نے والدہ کے ساتھ بھارت پہنچنے پر ان کے شایان شان کیے گئے استقبال سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
ملکہ ترنم کی صاحبزادی حنا درانی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے والدہ کی زندگی کی خوبصورت یادوں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
حنا درانی نے بتایا کہ امی 35 سال بعد لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور یش چوپڑاکی دعوت پر 3 ہفتوں کیلئے بھارت گئی تھیں، اس وقت میں بھی والدہ کے ہمراہ تھی، میری عمراس وقت 17 سال تھی اور والد نے میرے جہیز کی شاپنگ کی غرض سے مجھے والدہ کے ہمراہ بھارت بھیجا تھا جہاں پہنچ کر مجھے والدہ کی اہمیت اور مقام کا صحیح اندازہ ہوا۔
حنادرانی کے کے مطابق بھارت روانگی سے قبل ہمیں این او سی نہ ملنے کے باعث پاکستان میں ائیر پورٹ پر روک دیا گیا تھا لیکن والدہ بضد تھیں کیونکہ انھیں بھارت میں ہونے والے شو میں لازمی شرکت کرنی تھی اسی بحث کے دوران طیارہ رن وے پر آگیا،پھر ہمیں اچانک این او سی ملا اور طیارے کا رخ موڑ کر ہمیں بھارت کیلئے روانہ کیا گیا، یہ میرے لیے زندگی کا پہلا موقع تھا جب میں نے کسی طیارے کو روک کر مسافروں کو پرواز کرواتے دیکھا ۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت لینڈ کرنے پر والدہ کے جہاز سے اترنے اور ہوٹل پہنچنے تک پھولوں سے استقبال کیا گیا، ہوٹل پہنچنے پر تقریباً تمام بھارتی اسٹارز کی جانب سے والدہ کے استقبال کیلئے پھول بھیجے گئے، ہزاروں لوگوں کے مجمع نے والدہ کا پھولوں سے استقبال کیا، بھارت میں گزاری پہلی رات کا ڈنر ہم نے دلیپ کمار کے گھر کیا، وہاں ریکھا،دھرمیندر،راج کپور ، ششی کپور، جاوید اختر اور شبانہ اعظمی سمیت بالی وڈ کے کئی ستاروں نے بھی شرکت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:نصرت فتح علی خان “دولہے کا سہرا" ریکارڈ کرواتے وقت کیوں روئے تھے؟
حنا درانی نے مزید بتایا کہ اس ملاقات میں دھرمیندر کا جذباتی ردعمل آج بھی مجھے یاد ہے،دھرمیندر والدہ کو دیکھ کر ان کے قدموں میں لیٹ گئے تھے، انہوں نے والدہ کے آگے ہاتھ جوڑ کر کہا تھا کہ میں آپ کا سب سے بڑا فین ہوں، اس وقت امی بھی گھبراگئی تھیں کیونکہ امی نے کبھی پاکستان میں ایسا نہیں دیکھا تھا۔