پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دے دی

Apr 16, 2025 | 23:02:PM

(24 نیوز)پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 202 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطان 19ویں اوورز میں 155 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی،راولپنڈی کرکٹ  سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں 203 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہیں تھا، پہلے ہی اوور میں اوپنر شائے ہوپ ایک رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے،عثمان خان نے سکور میں تیز رفتار اضافے کی کوشش کی مگر 62 کے مجموعی  سکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 3چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 20 گیندیں کھیل کر 31 رنز بنائے،آؤٹ ہونےوالے اگلے کھلاڑی کامران غلام تھے، جو 17رنز بناسکے،ان کی وکٹ جیسن ہولڈر کے حصے میں آئی، 96 کے مجموعی سکور پر کپتان اور اوپنر بیٹر محمد رضوان بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 27 گیندوں پر 38 رنز بنائے،120 رنز کے مجموعی اسکور پر مائیکل بریس ویل بھی جیسن ہولڈر کا شکار بنے، وہ صرف 16 رنز بنا سکے، بعد ازاں ڈیوڈ ولی بھی ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ملتان سلطان کو ساتواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا، جب کرس جارڈن 5 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر میرٹھ کو کیچ دے بیٹھے، اس موقع پر تیم کا اسکور 142 تھا اور اس کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں،اسی طرح اسامہ میر ایک اور محمد حسنین صفر پر بولڈ ہو گئےجبکہ افتخار احمد 32 رنز بنا سکے۔

اسلام آباد کی جانب سے جیسن ہولڈر 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے اور عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم شاہ، میرٹھ، شاداب خان اور محمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں، سلطانز نے ٹاس جیت کر یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے اور پچھلے میچ میں شکست ماضی کی بات ہوگئی۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے اچھے مقابلے کی توقع ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ فرحان کوہلی،شبھمن،بٹلر اور  گیل کی فہرست میں شامل،بابراعظم پیچھے رہ گئے

مزیدخبریں