(24نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے ملزمان کو مقدمے سے خارج کرکے رہا کرنے کا حکم دیا، اور پولیس کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی، جج طاہر عباس سپرا نے پولیس کو سختی سے تنبیہ کی کہ ملزمان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق 26 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں گرفتار پی ٹی آئی کے ملزمان انسداد دہشت گردی میں عدالت پیش ہوئے جہاں جج طاہر عباس سپرا نے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا،عدالت نے ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ہتھکڑی کھول کر ملزمان کو احاطہ عدالت سے رہا کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف 18 دسمبر سےمصر کا سرکاری دورہ کریں گے
جج نے سختی کے ساتھ پولیس کو حکم دیا کہ اگر ملزمان دوبارہ گرفتار ہوئے تو تب تک نہیں جاؤں گا جب تک انہیں یہاں دوبارہ پیش نہ کیا جائے گا، پرسوں کی طرح ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہیں کرنا، عدالت نے ان ملزمان کو دو روز قبل بھی رہا کیا تھا تاہم عدالت سے نکلتے ہی پولیس نے ان سب کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔
عدالتی حکم کے باوجود پولیس کی جانب سے 57 ملزمان کو ابھی تک نہیں چھوڑا گیا جس پر وکلا کمرہ عدالت پہنچ گئے،وکلا کی شکایت پر جج طاہر عباس سپرا کمرہ عدالت سے باہر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر دروازے پر آگئے اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کو بلا لیا۔
جج نے دوبارہ ہدایت دی کہ پرسوں والا کام نہیں ہونا چاہیے ملزمان کو فوری رہا کیا جائے۔