(احمد منصور) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آج سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین مشترکہ فضائی مشقوں کے ذریعے تعاون اور تربیتی شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاک فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے مابین تربیتی شعبے کے فروغ کیلئے تکنیکی صلاحیتوں اور وفود کے تبادلے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں پاک فضائیہ کی جانب سے حال ہی میں قائم کردہ ٹیکنو پارکس میں تعاون پر اتفاق کیا گیا اور آپریشنل تیاریوں اور کارکردگی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تکنیکی ترقی کو بروئے کار لانے پر زور دیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات کو تقویت دے کر مشترکہ منصوبوں اور تزویراتی شراکت داری کیلئے باہمی تعاون کے دائرہ کار کی تنظیم نو اور اس امر کیلئے نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال بھی ہوا جبکہ ائیر چیف نے پاکستان اور امریکہ کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: تھانہ کلچرمیں تبدیلی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا اقدام
اس حوالے سے پاک فضائیہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک-امریکہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔
اس موقع پر معزز سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ قیادت کے زیر سایہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی نمایاں پیش رفت قابل تحسین ہے۔
ملاقات میں تربیتی شعبے کی بہتری، آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔