تحریک انصاف کے مطالبات پر وزیراعظم نے کمیٹی بنا دی، جو جائزہ لے کر جواب دے گی، رانا ثناء اللہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مطالبات پر وزیراعظم نے کمیٹی بنا دی ہے جو ان کا جائزہ لے کر جواب دے گی۔
اسلام آباد میں سینیٹر عرفان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی مطالبات کا باضابطہ جواب دے گی، فی الوقت مطالبات پر بادی النظر میں جو رائے ہے وہ سامنے رکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن نے الیکشن کے حوالے سے کوئی مطالبہ نہیں کیا، پی ٹی آئی اپنے سیاسی قیدیوں کی رہائی چاہتی تھی، پی ٹی آئی نے اپنے کسی سیاسی قیدی کی تفصیلات نہیں دیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے چیف جسٹس یا تین سینئر ترین ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے، پی ٹی آئی کے 9 مئی پر تحقیقات کا معاملہ پہلے سے سپریم کورٹ میں ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی احاطہ عدالت سے گرفتاری پر بھی اس وقت کے چیف جسٹس نے نوٹس لیا تھا، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے معاملے پر جوڈیشل طریقہ کار پورا ہو چکا۔انہوں ںے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی احتجاج کے مقدمے بھی عدالت میں ہیں، کچھ افراد کو فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے پر فوجی عدالتوں سے سزائیں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان پر حملہ کرنے والا کون، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی