(ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی کے بعد کی ویڈیو سامنے آگئی۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے علاقے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنادیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، سیف کے زخموں سے شدید خون بہہ رہا تھا اورکار فوری موجود نہ ہونے پر اداکار کے بڑے بیٹے ابراہیم انہیں رکشے میں اسپتال لے کر پہنچے تھے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق حملے میں سیف کو 6 زخم آئے تھے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
سرجری کے دوران ڈاکٹروں کو سیف کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تقریباً 2-3 انچ لمبا ایک تیز دھارآلہ ملا جس سے متعلق خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ چاقو کا ایک ٹکڑا ہے۔
دوسری جانب حملے کے بعد سیف علی خان کے گھر کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں ان کی اہلیہ کرینہ کپور کو گھر کے پورچ میں ملازماؤں کے ساتھ کھڑے دیکھا جاسکتا ہے دوسری جانب رکشہ بھی موجود ہے۔
ویڈیو میں کرینہ ڈکیتی کے بعد پریشانی کی حالت میں ملازماؤں سے پوچھ گچھ کرتی نظر آرہی ہیں۔
مزید پڑھیں: رجب بٹ کی نئی گاڑی،قیمت کے حوالے سے بڑادعویٰ سامنے آگیا