(24 نیوز)ترجمان دفترخارجہ نے تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں متعدد پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مراکش میں پاکستانی سفارت خانے نے اطلاع دی ہے کہ ایک کشتی مراکش کی بندرگاہ الداخلہ کے قریب الٹ گئی ہے جو 80 مسافروں کو لے کر موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کشتی میں متعدد پاکستانی شہری بھی شامل تھے اور پاکستانیوں سمیت کئی زندہ بچ جانے والے افراد الداخلہ کے قریب ایک کیمپ میں مقیم ہیں۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہمارا سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور متاثرہ پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارت خانے کی ایک ٹیم الداخلہ روانہ کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متعلقہ حکومتی اداروں کو متاثرہ پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے وزارت خارجہ کے یونٹ اور رباط میں فوکل پرسنز کے رابطہ نمبر بھی جاری کردیے ہیں:وزارت خارجہ اسلام آباد کے رابطہ نمبر: 051-9207887 ای میل: cmu1@mofa.gov.pk، رباط میں پاکستانی سفارت خانے کے رابطہ نمبر: رابعہ قصوری قائم مقام سفیر: +212 689 52 23 65 نعمان علی (قونصلر اسسٹنٹ): +92 310 2204672 ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:14 سالہ بچی سے متعدد بار اجتماعی زیادتی، درندہ صفت افراد نے گھر کا کام کروانے کیلئے والد سے بچی خریدی